پاکستان کے چیف جسٹس، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف تک رسائی کو حقیقت بنانے کے لیے ہم مسلسل محنت کر رہے ہیں اور خواتین وکلا اور ججز کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین ججز کی خدمات کو تسلیم کرنا ہمارا اخلاقی فرض ہے کیونکہ صنفی مساوات اور عدلیہ میں خواتین کی شمولیت ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔

چیف جسٹس نے خواتین ججز کی ثابت قدمی اور دیانت داری کو اگلی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین ججز کا کردار انصاف کی فراہمی میں نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ ان کا عدالتی نظام میں شفافیت اور انصاف کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی عدلیہ میں خواتین کی شمولیت کو مزید بڑھایا جائے گا اور ان کے لیے ایک ایسا ماحول فراہم کیا جائے گا جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں اور انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

چیف جسٹس نے خواتین کی معاشرتی، سیاسی اور عدلیہ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انصاف کا نظام تب ہی مضبوط ہو سکتا ہے جب تمام طبقوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور ہر شعبہ زندگی میں خواتین کو ان کا جائز مقام دیا جائے۔

Shares: