سیالکوٹ(باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)صوبائی محتسب پنجاب کے ایڈوائزر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے کہا ہے کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

وہ آج سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔ کھلی کچہری میں مختلف شہریوں نے محکمہ جات سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں جنہیں سننے کے بعد ایڈوائزر صوبائی محتسب نے موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے اور متعدد شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا۔

ایڈوائزر نے کہا کہ دفترِ محتسب پنجاب عوامی خدمت کا ایک مؤثر فورم ہے جو سرکاری محکموں، اداروں یا ان کے ملازمین کے خلاف انتظامی بدعنوانی اور ناانصافی کی شکایات پر کارروائی کرتا ہے۔ شہری اپنی شکایات بلا معاوضہ جمع کروا سکتے ہیں، جن پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں 36 ریجنل دفاتر قائم ہیں جہاں عوام اپنی شکایات جمع کروا سکتے ہیں۔

شہری ہیلپ لائن 1050 پر 24 گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں یا ای میل sialkot@ombudsmanpunjab.gov.pk کے ذریعے بھی اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال شریف گھمن، سول سوسائٹی کے نمائندگان محمد اشفاق نذر، میاں اعجاز انجم، میر غلام حسین، محمد اشرف جیتلہ، عبدالشکور، عامر جاوید اور دیگر سماجی تنظیموں کے اراکین بھی موجود تھے۔

ایڈوائزر صوبائی محتسب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے محتسب پنجاب کے پلیٹ فارم سے رجوع کریں۔ ان کا مسئلہ زیادہ سے زیادہ 30 روز کے اندر حل کیا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

Shares: