لنڈی کوتل :کالج طلباء نےفاٹا یونیورسٹی سے الحاق مسترد کردیا، احتجاجی دھرنے کا اعلان

لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)کالج طلباء نےفاٹا یونیورسٹی سے الحاق مسترد کردیا، احتجاجی دھرنے کا اعلان

تفصیل کے مطابق گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج لنڈی کوتل کے طلباء نے فاٹا یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کو مسترد کرتے ہوئے پشاور یونیورسٹی سے الحاق بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کالج کے سٹوڈنٹس یونین کے صدر داؤد شینواری، نائب صدر محمد آصف ریان، جنرل سیکرٹری قاسم اور سابق صدر عبید خان نے لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کی وجہ سے طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی صوبے کی نمبر ون یونیورسٹی ہے اور کالج کی دو ڈیپارٹمنٹس زوالوجی اور اردو پہلے ہی پشاور یونیورسٹی سے ملحق ہیں۔

طلباء کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو لے کر صوبائی وزیر تعلیم مینا خان اور عدنان قادری سمیت دیگر متعلقہ حکام سے متعدد بار مل چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ان کا مطالبہ جلد منظور نہ کیا گیا تو وہ کل بروز جمعرات صبح 8 بجے کالج کے مین گیٹ پر احتجاجی دھرنا دیں گے۔ انہوں نے سیاسی قائدین، بلدیاتی نمائندگان، قومی مشران اور صحافیوں کو اس دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

Comments are closed.