گوجرانوالہ (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): گوجرانوالہ کی سٹی وزیرآباد پولیس نے رہزنی اور دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک افغانی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 11 لاکھ 35 ہزار روپے نقدی، 5 ڈبہ پیک موبائل فون، ایک موٹر سائیکل اور 2 پستول برآمد کیے ہیں۔
گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت خیر اللہ اور محمد گل کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان کے شہری ہیں۔ یہ ملزمان غیر قانونی طور پر پاکستان آتے تھے، وارداتیں کرتے اور پھر واپس چلے جاتے تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ گینگ وزیرآباد کے علاوہ سیالکوٹ اور گجرات میں بھی وارداتیں کر چکا ہے۔
وزیرآباد پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار، ہیومن ریسورس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان ملزمان کا سراغ لگایا۔
اس حوالے سے سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ اور معاشرتی برائیوں پر قابو پانا ان کی اولین ترجیح ہے۔








