بھارت میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت سامنے آیا جب افغان دارالحکومت کابل سے ایک 13 سالہ لڑکا مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر میں سوار ہو کر نئی دہلی پہنچ گیا۔ بھارتی حکام نے اس کمسن کو حراست میں لینے کے بعد افغانستان واپس بھیج دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب کابل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے ایک کمرشل طیارے میں 13 سالہ افغان لڑکا جہاز کے پچھلے پہیوں کے لیے مخصوص خانے (لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ) میں چھپ کر بیٹھ گیا۔ طیارہ 94 منٹ کی پرواز کے بعد نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا تو گراؤنڈ اسٹاف نے بچے کو دیکھ لیا۔عینی شاہدین کے مطابق لڑکے کے جسم پر ایک سادہ سا کرتا پاجامہ تھا اور وہ خوفزدہ اور نیم بے ہوش حالت میں نظر آیا۔ طیارے کے عملے اور ایئرپورٹ حکام نے فوری طور پر اس کو طبی امداد فراہم کی اور بعدازاں حکام نے اس سے ابتدائی تفتیش کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے نے بتایا کہ وہ افغانستان میں عدم تحفظ اور غربت کے باعث ملک چھوڑنے پر مجبور ہوا۔ تاہم بھارتی امیگریشن حکام نے قانونی پیچیدگیوں کے باعث اسے بھارت میں داخلے کی اجازت دینے کے بجائے واپس کابل بھیج دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں سفر کرنا انتہائی خطرناک عمل ہے کیونکہ اس جگہ پر نہ تو مناسب آکسیجن دستیاب ہوتی ہے اور نہ ہی درجہ حرارت قابو میں رہتا ہے، جس کے باعث ایسے واقعات اکثر موت پر منتج ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود کمسن لڑکے کا زندہ بچ جانا غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔