لاہور (باغی ٹی وی) پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے لیے مقرر کردہ ڈیڈ لائن آج 31 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ جس کے بعد ان کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں افغان مہاجرین امن کمیٹی کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں لاہور میں مقیم افغان خاندانوں کے سربراہان اور بزرگوں نے شرکت کی۔
جرگہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغان مہاجرین امن کمیٹی کے نائب صدر حاجی محمد نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 45 سال پاکستان میں گزارے ہیں اور یہاں ملنے والی محبت، عزت اور احترام کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل مرحلہ وار کیا جائے اور جن افراد کے پاس پروف آف رجسٹریشن کارڈ موجود ہیں، انہیں اپنا کاروبار سمیٹنے کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ساتھ خواتین، بچے، بیمار اور بزرگ بھی ہیں، اس لیے حکومت مختلف تحصیلوں اور اضلاع کے لیے واپسی کے الگ الگ دن مقرر کرے۔
افغان مہاجرین امن کمیٹی کے فوکل پرسن محمد خان نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جس طرح پاکستان نے 45 سال تک ان کی مہمان نوازی کی، اسی طرح واپسی کا عمل بھی باعزت طریقے سے مکمل کیا جائے۔