ڈیلویئر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ممکنہ حملہ ناکام بناتے ہوئے 25 سالہ افغان نژاد طالب علم لقمان خان کو گرفتار کر لیا، لقمان خان پر الزام ہے کہ وہ یونیورسٹی آف ڈیلویئر پولیس ڈپارٹمنٹ پر حملے کی باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

لقمان خان کی گرفتاری ایک معمول کی ٹریفک چیکنگ کے دوران عمل میں آئی، جہاں پولیس کو ایک غیر قانونی تبدیل شدہ .357 گلاک پستول ملی جس میں مشین گن کنورژن ڈیوائس نصب تھی اور اس میں 27 راؤنڈ لوڈ تھے۔ اس کے علاوہ تین مزید 27 راؤنڈ میگزین اور ایک بلیسٹک آرمَر پلیٹ بھی برآمد ہوئی۔صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب تفتیش کاروں نے افغان شہری کے سامان کی جانچ پڑتال کی۔ اس کے قبضے سے ایک نوٹ بُک ملی جس میں حملے کا مفصل منصوبہ درج تھا۔ اس میں یونیورسٹی آف ڈیلویئر کے ایک پولیس افسر کا نام، پولیس اسٹیشن کی ہاتھ سے بنائی گئی نقشہ بندی، داخلی و خارجی راستوں کی نشاندہی اور دیگر تفصیلات شامل تھیں، جو مکمل طور پر پیشگی تیاری کی علامت تھیں۔

اگلے روز ایف بی آئی نے ملزم کے ولیمنگٹن میں واقع گھر پر چھاپہ مارا، جہاں سے اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ ملا۔ اس میں مشین گن کنورژن ڈیوائس کے ساتھ گلاک 19، اسکوپ اور ریڈ ڈاٹ سائیٹ سے لیس .556 رائفل، گیارہ ایکسٹینڈڈ میگزین، ہالو پوائنٹ گولیاں اور بلیسٹک پلیٹس کے ساتھ ٹیکٹیکل جیکٹ شامل تھی۔

Shares: