افغان طالبان ٹی ٹی پی کے معاملے پر پیشرفت کرنے میں ناکام، بلوچستان میں دہشتگردی پر تشویش ہے،خواجہ آصف

0
56
khwaja asif

وزیر دفاع خواجہ آصف نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کابل حکومت سے درخواست کی ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے تعاون کرے۔ خواجہ آصف نے علی امین گنڈاپور کے ٹی ٹی پی کے حوالے سے بیان پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ دو تین ہزار ٹی ٹی پی کے طالبان کو مالی بنا دیں، تو ہم انہیں کچے کے ڈاکوؤں کا ٹھیکہ بھی دے دیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خود اپنے جلسے کو ملتوی کرنے کے سگنلز دیے تھے، کیونکہ وہ کسی امتحان میں نہیں پڑنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے روابط ہیں اور پی ٹی آئی کے اندر مختلف بیانیے گردش کر رہے ہیں۔ ساری گیم تو نفع نقصان کی تھی، اسٹیبلشمنٹ نے انہیں ریلیف دیا تو نقصان تو ان کا ہوا، چار دن ہوگئے یہ اپنی پارٹی میں ایک دوسرے کو مطمئن نہیں کرسکے، پی ٹی آئی اب فیس سیونگ کی کوشش کررہی ہے۔
بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وہاں پنجابیوں کو بسوں سے اتار کر مارنے کے واقعات کئی سال سے ہو رہے ہیں، جو تاحال بند نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سیاسی موجودگی کا فقدان ہے اور نیشنلسٹ جماعتوں کو امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ایک پڑھی لکھی خاتون کے خودکش حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رجحانات کو ختم کرنے کے لیے سیاسی اقدامات ضروری ہیں۔

Leave a reply