افغانستان کے نائب صدر خودکش حملے میں بال بال بچ گئے، پاکستان کی حملے کی مذمت

0
34

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح خودکش حملے میں بال بال بچ گئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ،خود کش حملہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے تائیمانی میں ہوا،خودکش حملے میں افغان نائب صدرامراللہ صالح کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا تا ہم وہ محفوظ رہے

نائب صدر کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں نائب صدر کے کچھ محٖافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آج ایک مرتبہ پھر افغانستان کے دشمنوں نے امراللہ صالح کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے شیطانی مقاصد میں ناکام ہوگئے، امراللہ صالح دھماکے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب کابل کے علاقے تیمانی میں ہوا۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق فوری طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں، خودکش حملے میں ہلاک اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے.

دوسری جانب پاکستان نے افغانستان کے نائب صدر پر خود کش حملے کے واقعہ کی مذمت کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں.

Leave a reply