افغانستان سے غیر ملکیوں کا انخلا، پی آئی اے کا مشن جاری

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنر نے کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کے تعاون سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور پولینڈ کے سفارت خانہ کے 90 جبکہ ترکی کے سفارت خانہ کے 220 رکنی عملہ کو پاکستان منتقل کردیا ہے۔

افغانستان میں پاکستان کے سفیرمنصوراحمدخان نے ریڈیوپاکستان کوبتایا کہ کابل میں پاکستان کا سفارت خانہ نہ صرف افغانی بلکہ دیگرغیرملکی شہریوں کے انخلا کیلئے جامع کرداراداکررہاہے۔کل پاکستانی سفارت خانہ نے پی آئی اے کی دوخصوصی پروازوں کے زریعہ 390 لوگوں کوروانہ کیا، آج افغان اورترک شہریوں سمیت مزید 200 سےزیادہ دیگر غیرملکی شہریوں کو منتقل کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی سفارت خانہ اس عمل کوجاری رکھیں گا، زیادہ ترپاکستانی شہریوں کوملک منتقل کردیا گیاہے ،جو باقی رہ گئے ہیں یا جو افغان شہری جانا چاہتے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں سڑک کے زریعہ پاکستان روانہ کیا جائے کیونکہ کابل ائیرپورٹ پراب سہولیات کا فقدان ہوگیاہے۔

پاکستانی سفیرنے کہاکہ سفارت خانہ پہنچنے والے غیرملکی شہریوں کے ٹھرنے اورائیرپورٹ تک ان کیلئے بسوں کاانتظام کیا گیاہے،بحفاظت ائیرپورٹ پہنچانے کیلئے سکیورٹی اور طالبان کے کمانڈروں سے رابطہ کیا جاتا ہے ،یہ انتظامات صرف پاکستانی شہریوں کیلئے نہیں بلکہ افغان اوردیگرغیرملکی شہریوں کیلئے بھی ہیں۔جو افغان شہری ہمارے پاس آرہے ہیں، اسی طرح ترکی کے سفارت خانہ کی طرف سے درخواست آئی تھی، آج آئی ایم ایف کے 100 کے قریب لوگ جارہے ہیں، یہ سارے انتظامات انسانی ہمدردی کی بنیادپرکئے کئے جارہے ہیں۔

پاکستان کے سفیرنے کہاکہ اس وقت پاکستان کا سفارت خانہ فعال طورپرکام کررہاہے، دیگرممالک کے سفارت خانے بھی کام کررہے ہیں تاہم وہ اتنے فعال نہیں ہے، مجھے اپنی ٹیم پرفخرہے اورانشااللہ اس عمل کوکامیاب طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ہمارااندازہ تھا کہ ڈیڑہ سے دوہزارتک پاکستانی شہری کابل میں موجودتھے، جن میں سے 700 کے قریب پاکستانیوں کوملک منتقل کردیا گیاہے، کچھ کو سڑک کے ذریعہ پاکستان روانہ کیاگیا، اس وقت پاکستانی شہریوں کی تعداد بھی تھوڑی رہ گئی ہے، کچھ دیگرشہروں میں ہیں لیکن اب حالات نہیں کہ سب کو جانے کی ضرورت پڑے، سڑکوں پرامن آگیاہے اور بازاروں میں سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں تاہم اس کے باوجود جو لوگ پاکستان جاناچاہتے ہیں ہم ان کیلئے انتظامات کریں گے۔

پاکستانی سفیر نے کہاکہ بہت سارے لوگ بے چینی کی وجہ سے افراتفری میں ملک سے باہرجاناچاہتے ہیں حالانکہ اب حالات بہتر ہوگئے ہیں۔افغانستان میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے مقامی اہلکارمحمدضیا نے بتایا کہ ہم یہاں اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہے ہیں، ہم پاکستانی سفارت خانہ کاشکریہ اداکرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہمارے لئے بہترین انتظامات کئے۔ترکی کی خاتون شہری اناہیتا نے افغانستان سے محفوظ انخلا پرپاکستان کی حکومت اورکابل میں پاکستانی سفارت خانہ کی معاونت اورانتظامات پر تشکرکااظہارکیا۔

Shares: