افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں،حنا ربانی کھر

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق کی وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی

ایڈیشنل سیکرٹری افغانستان عامر آفتاب قریشی و ڈی جی افغانستان، آصف میمن بھی اس موقع پر موجود تھے نمائندہ ء خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے افغانستان اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کو تفصیلی بریفنگ دی

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھرکا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات باعث تشویش ہیں، پاکستان، افغانستان کی آزادی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے،پاکستان کیلئے مستحکم اور پرامن افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ،

قبل ازیں رکن قومی اسمبلی حنا ربانی کھر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا چارج سنبھال لیا حنا ربانی کھر منگل کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وزارت خارجہ پہنچیں تو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی حنا ربانی کھر اس سے قبل فروری 2011 سے مارچ 2013 تک وزیر خارجہ رہ چکی ہیں۔ اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے خزانہ اور اقتصادی امور بھی رہ چکی ہیں

Shares: