افغانستان میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک،مغربی ممالک کے سفارتی مشنز بند، پاکستانی سفیر منصور احمد خان کا اہم اعلان

افغانستان میں پاکستانی سفارتخانہ متحرک،مغربی ممالک کے سفارتی مشنز بند، پاکستانی سفیر منصور احمد خان کا اہم اعلان

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):کابل میں پاکستانی سفارتخانہ افغانستان سے انخلاء کے خواہشمند افراد کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ زیادہ تر مغربی ممالک افغانستان سے اپنے سفارتی عملہ کے انخلاء میں مصروف ہیں اور زیادہ تر سفارتی مشنز بند کر دیئے گئے ہیں۔

کابل میں پاکستانی سفارتخانہ پاکستانیوں، افغان شہریوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کو افغانستان سے انخلاء میں مدد فراہم کر رہا ہے، کابل میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند افراد کو ویزا اور قونصلر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالہ سے تمام بین الاقوامی اداروں، سفارتکاروں، تنظیموں اور میڈیا نمائندوں کی افغانستان سے بحفاظت منتقلی اور وطن واپسی کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کام کرنے والے غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کو اب تک تقریباً 400 ویزوں کے اجراء کے ساتھ ساتھ گذشتہ روز افغان شہریوں اور دیگر مختلف ممالک کے شہریوں کو 800 ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ گذشتہ اتوار کو طالبان نے کابل پر کسی خون خرابے کے بغیر قبضہ کر لیا تھا اور دنیا کے متعدد ممالک نے اپنے سفارتی مشنز کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سفارتی عملہ کو فی الفور افغانستان سے نکلنے کا حکم دیا جس کی وجہ سے افراتفری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند افراد کی کثیر تعداد سے صورتحال میں مزید پیچیدگی پیدا ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے پاکستان نے مختلف ممالک کے شہریوں کی سہولت کا دائرہ کار وسیع کیا اور بین الاقوامی میڈیا، سفارتکاروں اور پاکستان کے راستے دنیا کے کسی اور ملک منتقل ہونے کے خواہشمند افغان شہریوں کیلئے عارضی ویزوں کے اجراء کا دائرہ کار توسیع کرتے ہوئے انہیں ہر طرح کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے مزید کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ انسانی بنیادوں پر پاکستانیوں، افغانیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابل کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ سویلین پروازوں کیلئے بند ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کو طورخم کے راستے بذریعہ سڑک ملک بھیجا جا رہا ہے۔

اس حوالہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں کام کرنے والے پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سفارتی عملہ امن اور انسانی اقدار کے عزم کے تحت اپنے فرائض سے بڑھ کر بھرپور کام کر رہا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کابل اور اس سے ملحقہ دیگر علاقوں میں رہائش پذیر یا کام کرنے والے پاکستانیوں کو یقین دلایا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے ساتھ رابطہ میں ہے تاکہ باقاعدہ اور اضافی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو افغانستان سے نکالا جا سکے۔

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم ایسے افراد کو بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں جو اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ پاکستانی سفیر نے ایسے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفارتخانہ سے رابطہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغان صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کو غیر یقینی کی اس صورتحال میں ویزا فراہم کرنے کے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، میڈیا سے منسلک افراد جو ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند ہوں وہ پاکستانی سفارتخانہ کے پریس قونصلر سے واٹس ایپ نمبر 00923222807687 پر رابطہ کریں تاکہ ان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستانی سفارتخانہ کے پریس قونصلر طاہر نواز نے کابل سے ”اے پی پی” کو بتایا کہ اب تک میڈیا نمائندوں کو 400 کے قریب ویزے جاری کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں افغان اور دیگر ممالک کے میڈیا نمائندے شامل ہیں جو افغانستان میں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کیلئے خدمات فراہم کر رہے تھے۔ تفصیلات کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی خبر رساں ادارے رائٹر کے 74، ایسوسی ایٹڈ پریس کے 40 اور اے ایف پی کے 30 اہلکاروں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کے تولو نیوز، ون ٹی وی، آریانہ، خورشید ٹی وی، شمشاد ٹی وی، خامہ پریس اور دیگر صحافتی اداروں سے منسلک 200 سے زائد افغان صحافیوں کو بھی ویزے جاری کئے جا چکے ہیں۔

پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں سفارتخانہ کے تمام آفیسرز اور اہلکاروں کے کام میں معاونت کیلئے میں خود نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے محفوظ انخلاء کیلئے پاکستان ہر طرح کی ممکنہ معاونت کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چند روز کے دوران پروازیں بحال ہو جائیں گی اور پاکستان جانے کے خواہشمند ایسے افراد جو بذریعہ سڑک سفر نہیں کر سکتے ان کو فضائی سفر کی سہولت حاصل ہو گی۔ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ میں موجود افغان شہریوں نے پاکستان کی جانب سے معاونت کی فراہمی پر اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر یقینی کی اس صورتحال میں پاکستان ان کی بھرپور معاونت کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار کرنے والے شہریوں کا تعلق افغانستان کے مختلف علاقوں سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سفارتخانہ کا عملہ ہماری ہر طرح کی معاونت کر رہا ہے اور سفارتی عملہ اپنے اوقات کار سے بڑھ کر ان کے ویزا کے حصول اور دیگر خدمات کی فراہمی میں مدد کر رہا ہے۔ افغان شہریوں نے مزید کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ہم افغانستان سے بحفاظت نکل جائیں گے کیونکہ یہاں کی صورتحال ابھی غیر واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحفظ کیلئے اپنے اہلخانہ کو بھی پاکستان لے جانے کے خواہشمند ہیں۔ پاکستانی سفارتخانہ میں افغان شہریوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری علاج کے خواہشمند مریضوں اور اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے خواہشمند طلباء کیلئے طورخم کی سرحد کو کھول دیں تاہم کابل کا بین الاقوامی ہوئی اڈہ ہر طرح کی پروازوں کیلئے بند ہونے کی وجہ سے صرف امریکہ اور نیٹو کے طیارے اپنے شہریوں کا انخلاء کر رہے ہیں اور شہر سے افغانوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کیلئے کوئی پرواز دستیاب نہیں ہے۔

دفتر خارجہ پاکستان کے پبلک ڈپلومیسی ونگ نے اپنے اہلکاروں کے ٹیلی نمبرز شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کی معاونت کیلئے ویزا آفیسر 009300728627، ویزا اسسٹنٹ 0093786324769 اور سفیر کے نمبر 0093707300900 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Comments are closed.