4 بجے کے بعد پرویز الٰہی وزیر اعلٰی پنجاب نہیں رہیں گئے:رانا ثناءاللہ وفاقی وزیر داخلہ

0
58

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی 4 بجے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہیں گے۔اطلاعات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گورنر پنجاب 4 بجے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے، 4 بجے کے بعد چودھری پرویز الہٰی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو درخواست بھی کر سکتے ہیں کہ گورنر راج لگا دیا جائے، گورنر جب چاہیں وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گورنر جب چاہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں، اور آئین کا آرٹیکل 130 بڑا واضح ہے، آئین میں لکھا ہے اعتماد کا ووٹ نہ لیں تو پرویزالہٰی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے حمزہ شہباز ہی وزیراعلیٰ کے متفقہ امیدوار ہیں، میرےعلم میں نہیں کہ پرویزالہیٰ سے کوئی ڈائیلاگ ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کچھ بھی کرلے آئین سے مزاحمت نہیں کرسکتی، مزاحمت جاری رہی تو بلیغ الرحمان وفاق کو گورنرراج کا کہہ سکتے ہیں، آرٹیکل 234 کے تحت گورنر وفاق کو لکھیں گے کہ آئین پرعمل نہیں ہورہا۔

رانا ثناللہ کا کہنا تھا کہ پرویزالہٰی خود کہہ چکے ہیں کہ 99 فیصد ارکان اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں، اس کا مطلب وہ ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی مبینہ آڈیو سے متعلق سوال پر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جو آڈیو ہے یہ حقیقت ہے، عمران خان کی ویڈیو بھی موجودہیں جو آڈیو میں ہے وہ ویڈیو میں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا خط مسترد کردیا، گورنر کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کیلئے دوبارہ ایڈوائس جاری کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاﺅس میں اپوزیشن اتحاد کا اجلاس جاری ہے، گورنر بلیغ الرحمن نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا خط مسترد کر دیا، گورنر کی جانب سے دوبارہ ایڈوائس جاری کئے جانے کا امکان ہے جبکہ اجلاس میں تمام قانونی اور آئینی نکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ کو آج شام 4 بجے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا، سپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر بلیغ الرحمن کی ایڈوائس کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

Leave a reply