اوکاڑہ : فون پر لیلہ سے دوستی،کچہ میں اغواء کاروں کو 15 لاکھ تاوان دیکر مجنوں گھر لوٹ آیا
اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپور کے نوجوان کو ٹیلی فون کے ذریعے دوستی کرنا مہنگا پڑ گیا خوبصورت لڑکی کے جھانسے میں آکر اغوا ہونے والا نوجوان دو ماہ بعد 15لاکھ روپے تاوان کی رقم دے کر بازیاب ہوگیا۔دیپالپور تھانہ حجرہ شاہ مقیم کے محلہ احمدآباد کے رہائشی نوجوان بابر اور اس کے اہل خانہ نے باغی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو ماہ قبل فون کال کےذریعےخوبصورت لڑکی سے میری دوستی ہو گئی جس نے فون پر مجھے ملنے کیلئے کچےکےعلاقہ کشمور میں بلوایا جب میں وہاں پہنچا تو مجھے اغواء کرلیاگیا اور میرے گھر والوں سے پچاس لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی گئی ، ڈیمانڈ نہ پوری کرنے پر تشدد کیا جاتا تھا برہنہ کر کے کپڑے اتار کر سر کے بال کاٹ دئیے دو ماہ اُن کی قید میں رہا پھر آخر کار 15 لاکھ روپے میں معاملہ طے پایا اور مجھے تاوان کی رقم دے کر رہائی ملی مغوی نوجوان کا مزید کہنا تھاکہ میرے علاوہ تقریبا پنجاب کے سو کے قریب اور لوگ اغوا کاروں کے چنگل میں ہیں۔ یہ علاقہ کچے کا ہے ،بازیاب ہونے والے نوجوان نے چیف جسٹس آف پاکستان وزیراعظم پاکستان اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس آپریشن تو پہلے بھی کر رہی ہے لیکن آرمی کی مدد لے کر کچے کے علاقے سے اغواء کاروں کا صفایا کیا جائے اور سو کے قریب لوگوں کو بازیاب کروایا جائے-