اسحٰق ڈارکےبعد عمران خان نے بھی عارف علوی سے رابطہ کرلیا،اصل کہانی بھی سامنے آگئی
صدرمملکت عارف علوی سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے،اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت کو آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ صدرمملکت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر مذاکرات کیلئے حکومتی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ریاست ِپاکستان حکومت کیجانب سے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں پر قائم رہے گی۔
ادھرگورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کی بے نتیجہ ملاقات کے بعد صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی اور عمران خان کے درمیان پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نا آنے پرمشاورت کی گئی۔ دونوں کے درمیان عدالتی فیصلے کے آئینی پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ نا دیکر حکومت آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کی مرتکب ہورہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور گورنر کی جانب سے الیکشن کی تاریخ دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن اور گورنر آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔اس سے قبل گورنر پنجاب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ میاں بلیغ الرحمان نے آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنا قانونی حق استعمال کریں گے۔ پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں گورنر پنجاب سے الیکشن کی تاریخ پر مشاورت کےلیے ملاقات کا فیصلہ ہوا تھا۔