مراکش سے شکست کے بعد رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے:آنسوبہانے کا منظرساری دنیا نے دیکھا

0
50

دوحہ: فیفا ورلڈکپ 2022 کے کوارٹر فائنل میں اپنی ٹیم پرتگال کی مراکش کے ہاتھوں شکست کے بعد معروف فٹبالر رونالڈو اشکبار ہوگئے۔الثماما اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش اور پرتگال کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، سیمی فائنل تک رسائی کے لیے دونوں ٹیموں نے سر دھڑ کی بازی لگائی مگر مراکش کو اس میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔

 

رونالڈو اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے کے لیے دوسرے ہاف میں میدان میں اترے اور متعدد بار گول کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔مراکش نے پرتگال کو ایک صفرسے شکست دی تو رنالڈو میچ ختم ہوتے ہی روتے ہوئے اسٹیڈیم سے روانہ ہوئے۔

اسٹیڈیم میں موجود فوٹوگرافرز نے رونالڈو کے جذباتی ہونے کی تصاویر کیمرے میں محفوظ کر کے انہیں شیئر کیا تو سوشل میڈیا پر یہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

 

دوسری طرفمراکش کے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر عرب اور مسلم دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

قطر میں ہفتہ کو فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے تیسرے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو ایک مقابلے میں صفر گول سے ہرا کر مراکش سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی مسلم افریقی اور پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔

مراکش کی شاندار کامیابی سے پوری مسلم دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مختلف عرب ملکوں میں لوگ دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔فلسطین کے شہر غزہ میں بھی مراکش کی کامیابی کا جشن منایا گیا، شہریوں نے اپنے ہاتھوں میں مراکش اور فلسطین کے پرچم تھام رکھے تھے۔

 

ترکی کے شہر استنبول میں بھی لوگوں نے مراکش کی کامیابی کا جشن منایا۔دوحہ میں پاکستان، افغانستان سمیت دیگر مسلم ممالک کے شہریوں نے مراکش کی کامیابی پر جشن منایا۔

 

 

متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے مراکش کی کامیابی پر تمام عربوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ؛ ورلڈ کپ میں مراکش سے اوپر کوئی نہیں ہے، تمام عربوں کو بہت بہت مبارک ہو۔ مراکش کے شیروں کے ذریعے عرب کا خواب پورا ہو رہا ہے۔

Leave a reply