سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے پاک بھارت جنگ میں ایک مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے، اور عوام کے منتخب نمائندوں نے اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے عوام کے جذبات کی بھرپور نمائندگی کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی سے لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ملکی سیاست میں ایک نئی قوت اور استحکام کے لیے پارلیمنٹ کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے ہر موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کیا، اور پارلیمنٹ نے انہیں حقیقتاً ان کی ترجمانی فراہم کی۔ "یہ ثابت ہوتا ہے کہ عوام اور ان کے منتخب نمائندے اپنے وطن کے دفاع اور فلاح و بہبود میں یکجان ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور عزم سے وطن کا دفاع کیا۔ "پاکستانی فوج نے دشمن کے تمام حربوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمارے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی اور عالمی سطح پر پاکستان کا دفاعی وقار بلند کیا۔”نواز شریف نے اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے پاکستان کو اس امتحان میں سرخرو کیا اور ہم سب کو اس کامیابی کا شرف حاصل ہوا۔
علاوہ ازیں، مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے حقائق اور درست معلومات کی فراہمی کے ذریعے عوام کو شعور دیا اور دشمن کی سازشوں کا پردہ فاش کیا۔ "پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری کا احسن طریقے سے ادائیگی کی ہے، اور ان کی محنت و لگن کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔”








