اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار: ملک ظفر)معروف کیمیکل انجینئر علی نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جذبۂ شہادت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اوکاڑہ میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کیا، مگر ہماری افواج نے دن کی روشنی میں ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ عالمی سطح پر شرمندگی کا شکار ہو گیا۔
انجینئر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب پوری طاقت اور بروقت حکمت عملی سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج ہر محاذ پر چوکنا ہیں اور دشمن کے ہر حملے کو نہ صرف ناکام بنانے بلکہ اُسے سبق سکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطنِ عزیز کی بقاء، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ انجینئر علی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج قوم کا فخر ہیں، اور ان کی حالیہ کامیاب کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ دشمن کے عزائم ناکام ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں رکھتے۔
اس موقع پر کیمیکل انجینئر صدام حسین، محمد وقار، ساجد علی، منیب، ملک یاور علی اور محمد ارسلان بھی موجود تھے۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر فرد اپنی فوج کی پشت پر کھڑا ہے اور وہ دن دور نہیں جب دشمن مایوس ہو کر پسپائی اختیار کرے گا۔







