ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں بجلی چوروں کیخلاف شکنجہ تیار،میپکو،ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز مشترکہ کریک ڈاؤن کریں گی۔بجلی کے بڑے چوروں،ڈیفالٹرز کو قانون کے دائرہ میں لایا جائے گا۔جرمانوں اور گرفتاریوں کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے کرلئے گئے ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،پولیٹیکل اسسٹنٹ مشتاق احمد ٹوانہ،ایکسیئن عمیر قاسم،اللہ وسایا،ملک خورشید احمد ودیگر شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ بجلی چور قومی مجرم ہیں،انہیں ہرصورت قانون کے شکنجے میں لائینگے،
بجلی چوروں کے جرم کا خمیازہ عام شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے اب ایسا نہیں ہوگا،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس،بی ایم پی اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں بجلی چوروں کو پکڑیں گی،نو گو اور ہائی تھیفٹ ایریازمیں بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا،
ڈپٹی کمشنر نےکہاکہ ضلعی انتظامیہ میپکو افسران کومکمل سپورٹ فراہم کرے گی،منظم کریک ڈاؤن کیلئے باہمی روابط کو فروغ دیا جائے گا،ڈیفالٹروں کو جیلوں میں بند اور انہیں سخت سزائیں دلوائیں گے،
کریک ڈاؤن کی روزانہ کی بنیاد پر معلومات بھی شیئر کی جائیں گی۔اجلاس میں بجلی چوروں کیخلاف ایکشن پلان پر تفصیلی غور بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ کو ضلع کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے جب کہ اس حوالے سے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے،
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کا کہنا ہے کہ شہری ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر064-9260337 پر بجلی چوروں کی اطلاع دے سکتے ہیں جن کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔








