تعلیمی اداروں میں اگر یہ کام نہ کیا گیا تو دوبارہ بند کر دیئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے 15ستمبر سے کھول دیے جائیں گے۔تعلیمی اداروں کی انتظامیہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی پابند ہو گی۔کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو دوبارہ بند کر دیا جاے گا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے صوبائی وزراء ایجوکیشن کی کانفرنس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
راجہ یاسر ہمایوں نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی ضروریات کے ساتھ ساتھ بچوں کو صحت مند فضاء فراہم کرنا حکومت اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کی مشترکہ زمہ داری ہے۔ حکومت کی بہترین حکمت عملی سے کرونا کے پھیلاؤ کو کافی حد تک روکا جا چکا ہے اور صورت حال میں بہتری آنے پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کو 15ستمبر سے کھول دیا جاے۔تاکہ بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے اس صورت حال میں والدین کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول و کالج روانہ کریں چاہے وہ ماسک کپڑے کا ہی کیوں نہ ہو اوربچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں انہیں ہر گز اسکول و کالج نہ بھیجیں۔ صوبائی وزیر نے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ وہ بچوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھیں،بچوں کے ہاتھ بار بار دھلوائیں اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں۔اور تعلیمی اداروں میں فیس ماسک کا استعمال لازم قرار دیں۔
٭٭٭