وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کی چھاپہ مار ٹیم نے جھنگ روڈ، فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ عامر حنیف کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے کا دھندہ شروع کر رکھا تھا۔ ملزم نے متاثرہ شہریوں کو جرمنی میں ملازمت دلوانے کے لیے کرغیزستان بھیجا اور اس کے بدلے میں 70 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا لی۔عامر حنیف نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر کرغیزستان بھیجا تھا، جہاں انہیں یورپ پہنچانے کے وعدے کیے گئے تھے۔ تاہم، یہ وعدے صرف دھوکہ دہی پر مبنی تھے اور متاثرہ شہری 6 ماہ کرغیزستان میں رہ کر واپس پاکستان آ گئے۔ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے ایف آئی اے نے اس کے قبضے سے متعدد اہم شواہد، بشمول فون اور دیگر دستاویزات، برآمد کر لیے ہیں۔ تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم ایک عالمی نیٹ ورک سے جڑا ہوا تھا، جس کے ذریعے وہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ اور دیگر ممالک بھجوانے کا دھندہ کر رہا تھا۔
ایف آئی اے فیصل آباد زون کے ڈائریکٹر نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق، خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔گرفتار ملزم عامر حنیف سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں انسانی سمگلنگ کے کاروبار کو ختم کیا جائے گا اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز ،تیاریاں مکمل
شادی کیلئے کراچی آئی امریکی خاتون کو وطن واپسی پر آمادہ کرلیاگیا