آغوش الخدمت میں رہائیش پذیر یتیم بچوں میں عید گفٹ ، نئے کپڑے، جوتے اور عیدی تقسیم

چترال،باغی ٹی وی(گل حماد فاروقی) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چترال میں یتیم بچوں کی پرورش کیلئے قائم آغوش ہاسٹل میں عید کے تحفوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، اس سلسلے میں آغوش الخدمت میں 47 یتیم بچوں میں عید کے نئے کپڑے، جوتے اور عیدی بھی تقسیم کی گئی۔آغوش الخدمت میں 47 یتیم بچے قیام پذیر ہیں جن کو یہاں باقاعدہ طور پر عصری علوم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی صحت، کھانے پینے اور ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کا خیال رکھا جاتا ہے۔ان بچوں کو باہمت بچوں کا نام دیا گیا ہے تاکہ ان کو یتیم کے نام سے پکار کر احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔عید چونکہ بچوں کی ہوتی ہے اور عید کے موقع پر والدین اپنے بچوں کیلئے نئے کپڑے، جوتے وغیرہ خریدنے کے ساتھ ساتھ ان کو عیدی بھی دیتے ہیں۔تو عید کی آمد پر ان بچوں میں بھی نئے کپڑے، جوتے اور عیدی اس لئے تقسیم کی گئی تاکہ ان کو اپنے والدین کی کمی کا احساس نہ ہو اور یہ احساس کمتری کا شکار نہ ہو۔ان یتیم بچوں کیلئے عید کے یہ تحائف اسلامک سرکل جاپان نے بھیجے تھے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر عبد الحق نے ان یتیم بچوں میں عید کے تحفے تقسیم کئے۔ ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے الخدمت کے صدر عبد الحق نے کہا کہ آغوش ہاسٹل میں ہمارے ساتھ 47 بچے رہائش پذیر ہیں اس کے علاوہ 53 بچوں کو ہم فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ان کے گھروں پر اس ادارے کے زیر کفالت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم نے ان بچوں کو جن کو باہمت بچوں کا نام دیا گیا ہے ان میں عید کے تحفے تقسیم کئے تاکہ یہ بچے بھی خوشی سے اپنی عید منا سکیں۔

الخدمت آغوش کے ایڈمنسٹریڑ کا کہنا ہے کہ ان بچوں کو ہم معیاری تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی خوراک، تربیت اور ہر قسم کی دیکھ بال بھی کرتے ہیں تاکہ یہ بچے بڑے ہوکر مفید شہری بن سکیں اور ملک و قوم کی خدمت کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں ،انہو ں نے کہا کہ ہم نے عید سے پہلے ان بچوں میں عید کے تحائف اسلئے تقسیم کئے تاکہ یہ خوشی خوشی اپنے گھروں میں جائیں اور دوسرے بچوں کی طرح جن کے والدین زندہ ہیں یہ بھی اپنی عید مناسکیں اور ان کو کسی قسم کی کمی محسوس نہ ہو۔

اس موقع پر آغوش الخدمت میں قیام پذیر چند طلباء جو چھٹی اور ساتویں جماعت میں پڑھتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ان کو عید کیلئے نئے کپڑے، جوتے اور عیدی بھی مل گئی جس سے وہ بہت خوش ہیں اور وہ بھی خوشی خوشی اپنی عید منائیں گے۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

Comments are closed.