پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے چاہے جیل میں ڈالیں یا نااہل کردیں انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، کوئی طاقت عوام کے دلوں سے پی ٹی آئی کی محبت ختم نہیں کر سکتی۔جمعرات کو ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عارضی طور پر دہشت پھیلا کر لوگوں کو چپ تو کرایا جا سکتا ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ انتخابات میں قوم کا مقابلہ کیا جا سکے کیوں کہ موجودہ حکمرانوں کے خلاف عوام کے دلوں میں غم وغصہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ علی محمد خان کی رہائی پر مجھے خوشی ہے، کسی کے پاس کوئی ثبوت ہی نہیں تھا کہ علی محمد خان 9 مئی کے واقعہ میں ملوث تھا، یہی کیس شہریار آفریدی کا ہے اس کی بھی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس ملک میں تحریک انصاف کی حمایت کرنا جرم بن گیا ہے، یہاں تک کے شوکت خانم جیسے ادارے کو بھی معاف نہیں کیا جا رہا۔عمران خان نے کہا کہ میں ان ظالم حکمرانوں کے خلاف اکیلا کھڑا ہوں اور یہ صرف ایمان کی بنیاد پر ہے۔ یہ جو بھی چال چلتے ہیں خود اس میں پھنس جاتے ہیں اور سچ سامنے آ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب برطانیہ سے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آنے والی رقم کے حوالے سے تحقیقات کر چکا ہے اور جب اسے کچھ نہیں ملا تو انکوائری بند کر دی گئی۔ جب ایک انکوائری بند ہو جائے تو دوبارہ کھولی ہی نہیں جا سکتی۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں مجھ سے وہ سوالات پوچھے جا رہے ہیں جو آج تک کسی سے نہیں پوچھے گئے۔ جب میں نے رقم ادا کر کے تحفہ لے لیا تو پھر میری مرضی جسے مرضی دے دوں۔

Shares: