نیشنل بینک اورپی آئی اے کےمابین،ملازمین کےلئے آسان قرضوں اوردیگربینکنگ سہولیات کےلئےمعاہدہ

0
47

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن( پی آئی اے)اور نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے مابین پی آئی اے ملازمین کیلئے سستا قرض فراہم کرنے کیلئے معائدہ طے پاگیا۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معاہدے پر دستخط پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں کئے گئے۔ معاہدے کے تحت، پی آئی اے کے ملازمین کو نیشنل بینک آف پاکستان ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کرے گا جس کے ذریعے سے رعایتی شرح پر قرضوں کا حصول ممکن ہوگا۔

معاہدے پر نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر ایگزیکٹو وائیس پریذیڈنٹ اور گروپ چیف ریٹیل بینکنگ توقیر مظہر اور پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر ایمس ندیم نے دستخط کیے جبکہ سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات سمیت پی آئی اے اور نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے۔

پی آئی اے کے چیف فنانس آفیسر ایمس ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کو اپنا اثاثہ سمجھتی ہے جو قومی ایئر لائن کو مزید بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں یہ سہولت ان کی معاشی خوشحالی اور حوصلہ افزائی میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کے سینئر ایگزیکٹو وائیس پریذیڈنٹ اور گروپ چیف ریٹیل بینکنگ توقیر مظہرنے اس معاہدے کو دونوں اداروں کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان، پی آئی اے کے ساتھ کاروباری شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔ نیشنل بینک مزید براں بہتر کسٹمر سروس کے لیے پی آئی اے ملازمین کو ان کی کام کی جگہوں پر بینکنگ سہولیات فراہم کریں گے۔ نیشنل بینک آف پاکستان صارفین کی فنانسنگ پروڈکٹس کی ایک وسیع رینج پیش کر رہا ہے جن میں پرسنل لونز، سونے کے عوض فنانسنگ،مکان کی تعمیر کےلئے قرضے اور آٹو لونز شامل ہیں۔

Leave a reply