اسلام آباد: پاکستان فٹبال کے میدان میں ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) اور سعودی فٹبال فیڈریشن (SAFF) کے درمیان تعاون کے معاہدے (MoU) پر دستخط ہو گئے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان فٹبال کے شعبے میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور کھیل کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی اور سعودی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ یاسر المصحال نے شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں نے فٹبال کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ شراکت نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کوچز اور دیگر ٹیکنیکل ماہرین کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گی۔معاہدے کے تحت کوچ ڈیولپمنٹ، ویمن فٹبال، اور یوتھ فٹبال کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ دونوں ممالک فٹبال کے مختلف شعبوں میں تجربات کا تبادلہ کریں گے، جبکہ فٹبالرز کے لیے تربیتی ایکسچینج پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑی بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب جلد ہی مشترکہ تربیتی کیمپوں کے انعقاد کا آغاز کریں گے، جن میں نوجوان فٹبالرز اور خواتین کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد فٹبال کو گراس روٹ سطح سے فروغ دینا اور نئی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی معیار پر لانا ہے۔صدر پی ایف ایف محسن گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ “یہ معاہدہ پاکستان میں فٹبال کے نئے دور کا آغاز ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعاون سے ہمارے کوچز، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو عالمی معیار کے مواقع میسر آئیں گے۔”سعودی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ یاسر المصحال نے بھی اس شراکت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ہم اس صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد کریں گے۔”








