پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے پیش کردہ امن منصوبے پر حماس کی آمادگی خوش آئند ہے،تاہم ضروری ہے کہ القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنایا جائے، اہل غزہ کیخلاف اسرائیلی جارحیت کو فوری روکا جائے، اسلامی ممالک اہل غزہ کیلئے کردار ادا کریں
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھاکہ امریکی صدر کی جانب سے امن منصوبہ پر حماس نے جو ردعمل دیا مرکزی مسلم لیگ اس کی تائید کرتی ہے،تا ہم کوئی بھی سیاسی حل اس وقت تک قابلِ قبول نہیں ہو سکتا جب تک فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی قبضے کا خاتمہ نہ ہو اور فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت اور مکمل آزادی نہ ملے،اسرائیلی جارحیت فوری رکنی چاہئے اور امن منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مسلم ممالک کو آگے بڑھنا چاہئے،اسرائیل و امریکہ کا ہمیشہ دوہرا رویہ رہا ہے اسلئے مسلم ممالک کو اہل غزہ کے حقوق کی پاسداری کے لئے ذمہ داری لینی چاہئے، حماس نے جو مؤقف اختیار کیا تمام مسلم ممالک امریکہ سے اس معاہدے کی پاسداری یقینی بنوائیں،فلسطین کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار صرف فلسطینی عوام کو ہے،اہل غزہ کی جبری بے دخلی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، مرکزی مسلم لیگ اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے.