پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے قابض اسرائیلی فورسز کی مسلسل 560 دنوں سے جاری وحشیانہ جارحیت پر کہا ہے کہ انسانیت کی تاریخ میں ظلم و بربریت کی ایسی بھیانک مثالیں کم ہی ملتی ہیں، اسرائیلی درندگی نے سفاکی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں، شہر قائد میں آج شہدا غزہ کانفرنس سے دنیا کو پیغام دیں گے کہ اہل پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے،
ان خیالات کا اظہار خالد مسعود سندھو نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنان و مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ڈیڑھ برس میں 12 ہزار اجتماعی قتل عام، 51 ہزار معصوم جانوں کا ضیاع، جن میں 18 ہزار سے زائد بچے اور 12 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں، یہ اعداد نہیں، انسانیت کے ضمیر پر طمانچے ہیں۔ طبی عملہ، صحافی، طلبا، سیکیورٹی اہلکار، اور شہری دفاع کے کارکنان بھی اس ظلم کا شکار بنے، جو کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ اسرائیل نے پورے خاندان صفحہ ہستی سے مٹا دیے، اور 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا گیا ، یہ ایک منظم نسل کشی ہے۔یہ حملہ صرف غزہ پر نہیں انسانیت پر حملہ تھا، یہ ظلم فلسطینیوں کے گھروں پر نہیں، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی چھاتی پر کیا گیا ،ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اہل غزہ کے ساتھ کھڑی ہے، غزہ لہو لہو مہم کے تحت آج اتوار کو کراچی میں شہدا غزہ کانفرنس منعقد ہو گی،یہ صرف فلسطین کی جنگ نہیں، شہدائے غزہ کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دینا، ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ امت مسلمہ بیدار ہے،آج اگر عالمی ادارے، اقوامِ متحدہ اور مسلم اُمہ کی اکثریت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، تو کل ان کی اپنی نسلیں بھی اس خاموشی کی قیمت چکائیں گی، ظلم کے خلاف بولنا صرف فلسطینیوں کا حق نہیں، ہماری بھی شرعی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری بھی ہے.