اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) انجمن تاجران احمد پور شرقیہ مرکز امن کمیٹی نے 21 رمضان المبارک کو یومِ علی علیہ السلام کے موقع پر شہر میں امن و امان کے قیام، منبر و محراب سے محبت اور اتحاد کے فروغ کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈی پی او اسد سرفراز خان نے کی۔
اجلاس میں انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری سردار آفتاب احمد خان ڈاھر، مخدوم سید سبطین حیدر بخاری، صدر محمد ارشد راجپوت، مذہبی رہنما مولانا عبدالعزیز فیضی، میر سید عمر سعود اور یوسف کھوکھر نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں یومِ علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے منبر و محراب سے محبت اور اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور فلسفہ انسانیت کے پیغام کو عام کرنے کا عزم کیا۔
اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔