اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں موضع ودھنور کے رہائشی نوجوان نے پسند کی شادی نہ ہونے اور والد کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔ متوفی کی شناخت 22/23 سالہ عبدالحمید ولد سعید احمد، قوم حسام کے طور پر ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالحمید نے گھریلو رنجش اور مرضی کی شادی میں ناکامی پر گھر میں موجود فصلِ کپاس پر استعمال ہونے والی زہریلی اسپرے پی لی۔ تشویشناک حالت میں اسے فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس افسر خدا بخش ایس آئی نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے احمد پور شرقیہ ہسپتال منتقل کیا۔
تاہم لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے حوالے کی جائے۔ پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت پوسٹ مارٹم کو ضروری قرار دیا جس پر متوفی کے ورثہ نے سول ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، ورثہ سے مذاکرات کیے اور انہیں اعتماد میں لے کر روڈ کھولوا دیا۔
پولیس اور ورثہ کے درمیان جاری کشیدگی وقتی طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔