ایئر انڈیا کی پرواز جو احمد آباد سے دوپہر 1:38 بجے روانہ ہوئی تھی، ایک المناک حادثے کا شکار ہو گئی جس میں 200 سے زائد مسافر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ حادثے کی شدت ایسی تھی کہ طیارہ ٹیک آف کے چند منٹوں بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ اس المناک واقعے نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

معروف بالی ووڈ اداکار وکرانت میسی نے اس حادثے کے بارے میں اپنی ذاتی رنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کے فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر ان کے کزن تھے۔ وکرانت میسی نے کہا، "یہ حادثہ ہمارے لیے انتہائی دل دہلا دینے والا ہے کیونکہ میرے انکل کلفورڈ کنڈر نے اپنے بیٹے کلائیو کو اس حادثے میں کھو دیا ہے۔”اداکار نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا، "میرا دل ان تمام خاندانوں کے لیے ٹوٹ رہا ہے جنھوں نے آج احمد آباد میں اس ناقابل بیان سانحے میں اپنی جانیں کھوئیں۔ خاص طور پر میرے انکل کلفورڈ کنڈر کا دکھ ناقابل برداشت ہے جنہوں نے اپنے بیٹے کلائیو کنڈر کو اس حادثے میں کھو دیا۔”

حکام کے مطابق اس حادثے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی اپنی اہلیہ سے ملنے لندن جا رہے تھے، جو اس طیارے میں سوار تھے اور بدقسمتی سے ان کی موت بھی واقع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق طیارے پر کل 242 افراد سوار تھے جن میں مسافر، عملہ اور کچھ طلباء شامل تھے۔حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اب تک صرف ایک مسافر کے زندہ بچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

مختلف مشہور شخصیات، سیاستدانوں، اور عوامی افراد نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ حکومت نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Shares: