احمد آباد میں پیش آنے والے المناک ہوائی جہاز حادثے کے بعد، برطانیہ کی ایک معروف تحقیقاتی ایجنسی نے ہندوستانی ٹیم کی تحقیقات میں تعاون کے لیے اپنی مدد کی پیش کش کی ہے۔

یہ حادثہ ایئر انڈیا کے ایک طیارے کا تھا جو ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی احمد آباد کے ایک رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ اس واقعے میں جہاز پر سوار 242 افراد میں سے محض ایک ہی بچ جانے کی اطلاع ہے، اور 53 برطانوی شہری بھی اس جہاز میں سوار تھے۔ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ (AAIB)، جو کہ مسافر طیاروں کے حادثات کی تحقیقات کرنے والی برطانوی ایجنسی ہے، نے اعلان کیا کہ وہ ہندوستانی ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) کو رسمی طور پر اپنی مدد کی پیش کش کر چکی ہے۔ اس ایجنسی کا کہنا ہے کہ چونکہ جہاز میں برطانوی شہری بھی سوار تھے، اس لیے وہ ہندوستان کی زیر قیادت ہونے والی تحقیقات میں ایکسپرٹ کی حیثیت سے شامل ہونا چاہتے ہیں۔ وہ ایک کثیر الشعبہ تحقیقاتی ٹیم ہندوستان بھیج رہے ہیں جو مقامی حکام کے ساتھ مل کر حادثے کی وجوہات کی جامع چھان بین کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

حادثہ پیش آنے والے طیارے میں کل 242 افراد سوار تھے، جن میں عملے کے 12 ارکان اور مسافروں کے طور پر 169 ہندوستانی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور سات پرتگالی شہری شامل تھے۔ طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔

دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ ایک ہولناک حادثہ تھا اور امریکہ انڈیا کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک بڑا اور مضبوط ملک ہے اور وہ اس سانحے کو سنبھالنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

Shares: