اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر احمدپور شرقیہ کے علاقے محراب والا میں خوراک کے معیار پر بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بیورجز پلانٹ پر چھاپہ مار کر سینکڑوں لیٹر غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات برآمد کر لیے۔

کارروائی کے دوران پلانٹ پر تیار کیے جانے والے مشروبات کے نمونے حاصل کیے گئے جنہیں لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مشروبات کے سیمپل مقررہ فوڈ سیفٹی معیار پر پورا نہیں اترے، جب کہ ان کی برکس ویلیو (یعنی مٹھاس و مواد کی مقدار) بھی طے شدہ حد سے کم تھی جو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دی گئی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر نہ صرف پلانٹ کو سیل کر دیا بلکہ پلانٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر مشروبات کی تیاری، پیکنگ اور ترسیل کے تمام مراحل پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک میں ملاوٹ، جعلسازی اور غیر معیاری اشیاء کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ عوام کو صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی غیر معیاری خوراک یا ملاوٹ کے شواہد دیکھیں تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں، تاکہ عوام کی صحت کے دشمن عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔

Shares: