اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمدپور شرقیہ ،تھانہ سٹی پولیس نے نواحی بستی غریب آباد کی 6 سالہ معصوم بچی سمیرا بی بی کے اندھے قتل کی گتھی صرف 12 گھنٹوں میں سلجھا لی اور مرکزی ملزم عمران کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران کو جائے وقوعہ پر نشاندہی اور برآمدگی کے لیے لے جایا گیا، جہاں پہلے سے گھات لگائے اس کے مسلح ساتھیوں نے اچانک پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عمران اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہو گیا۔
یاد رہے کہ مقتولہ سمیرا، امیرآباد اوچشریف کے رہائشی شاہنواز کی بیٹی تھی، جس کی نعش گزشتہ روز بستی غریب آباد موضع محمد بخش مہر میں فصل جنتر سے ملی تھی، جس پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سمیرا اپنے والد سے علیحدگی کے بعد ماں کے ساتھ غریب آباد میں مقیم تھی، جہاں ملزم عمران نے اسے بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا۔
پولیس نے بچی کی نعش کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں مرکزی ملزم تک رسائی حاصل ہوئی۔ ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ، محمود اکبر بزدار نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔