نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے اپنی جانیں قربان کرکے سیلاب میں پھنسے شہریوں کو بچایا اور اسی دوران ایک جوان پانی کے تیز ریلے میں بہہ کر شہید ہوگیا۔ انہوں نے شہید کے والدین سے ملاقات کرکے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

احسن اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ کل رات رکن قومی اسمبلی احمد اقبال اور وسیم بٹ کے ہمراہ ورکنگ باؤنڈری کے آخری گاؤں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی آبادی کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اسی دوران بھارت کی جانب سے ایک ڈرون پاکستانی حدود میں بھیجا گیا جو گاؤں کے اندر آ گرا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بھارت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے اور دشمن اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آ رہا۔

احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کی بوکھلاہٹ آخری درجے کو چھو رہی ہے، لیکن پاکستانی عوام اور افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سرحدوں کا دفاع کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Shares: