ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "صحت مند پنجاب” وژن اور سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی نادیہ ثاقب کی ہدایات کی روشنی میں، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام نے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں گھر گھر ایچ آئی وی/ ایڈز اسکریننگ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم پروگرام کی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرہ اشرف کی سربراہی میں شروع کی گئی ہے۔
اس مہم کے تحت تقریباً 5600 گھروں اور 50,000 سے زائد افراد کی ایچ آئی وی/ ایڈز اسکریننگ کی جائے گی، جس کے لیے 40 ٹیمیں بھرپور لگن کے ساتھ تونسہ میں کام کر رہی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی معاونت سے جاری اس مہم کو مقامی آبادی کی جانب سے انتہائی مثبت ردعمل ملا ہے۔
اس اسکریننگ مہم کا مقصد نہ صرف علاقہ میں پھیلی ایڈز کی وبا پر قابو پانا ہے، بلکہ اس مرض میں مبتلا افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ میں موجود پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے سینٹر سے مفت علاج اور ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ مہم صوبے میں ایچ آئی وی سے نمٹنے کے لیے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کوششوں اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔