ایک ایک پلاٹ والے کو کہا جاتا ہے اندر کر دو اور اربوں والے باہر ہیں ، چئیرمین نیب آفتاب سلطان کا الوداعی خطاب

مستعفی چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا کہنا ہے کہ ایک ایک پلاٹ والے کو کہا جاتا ہے اندر کر دو اور اربوں والے باہر ہیں-

باغی ٹی وی : نیب ہیڈکوارٹرز میں مستعفی چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے الوداعی خطاب میں کہا کہ نیب افسران غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات نہ مانیں ،نیب میں دیگر اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کر سکتا،میں نہ کچھ لے کر آیا تھا نہ ہی کچھ لے کر جا رہا ہوں، نیب افسران صرف قانون کی سنیں اور کسی کی مداخلت برداشت نہ کر دیں-

مستعفی چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ نیب افسران ڈٹ کر آزادی سے کام کریں ، نیب کو ایمانداری سے چلایا ،کسی کی مداخلت قبول نہیں کی ،نیب کے99 فیصد لوگ اچھے ہیں ،ایک فیصد میں مسئلہ ہے ،مجھے کہا گیا کہ فلاں بھائی کوچھوڑ دو، اس کے پاس ایک پلاٹ ہے، اپنی اربوں روپےکی پراپرٹی اور ایک پلاٹ والے کو پکڑلوں؟ ملک کے دو صوبوں میں آئین کے مطابق انتخابات کرائیں،آنے والی نئی حکومتوں کو تسلیم کریں-

واضح رہے کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفیٰ دے دیا ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا، جس کے بعد ان کا استعفی وزیراعظم نے منظور کر لیا ہے۔

سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفا دیا تھا اور مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں میں نے بتایا کہ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے اور ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان قانون کے مطابق چیزوں کو کرنے کے حق میں تھے اور ان پر گرفتاریوں کے لیے دباؤ تھا آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھےکہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔

آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔

Comments are closed.