یونیورسٹیوں کی زمین کی فروخت گورنر فیصل کریم کنڈی ان ایکشن ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کو زمین بیچنے یا لیز پر دینے سے روک دیا
پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کو باقاعدہ تحریری ہدایات جاری کردی گئیں،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا کی بعض یونیورسٹیوں کی اراضی کی فروخت یا لیز پر دینے پر حکم امتناعی جاری ہے لہذا صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کو اس ضمن میں کسی قسم کا قدم نہیں اٹھانا چاہیئے ،جب تک چانسلر رہونگا کسی یونیورسٹی کی ایک انچ اراضی نہیں بیچنے دونگا،جس جماعت نے ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنا تھا وہ یونیورسٹیوں کو تباہ کررہے ہیں
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے یونیورسٹیوں کی زمین فروخت کرنے کا اعلان کیا تھاجس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پی کے حکومت کو یونیورسٹیز کی زمین فروخت کرنے سے روک دیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں یونیورسٹیز کی زمین فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے صوبائی حکومت کو آئندہ سماعت تک یونیورسٹی زمین فروخت کرنے سے روک دیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی زمین فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت سٹے آرڈر جاری کرے کہ زمین کو فروخت نہ کیا جائے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ابھی تک ایسا کوئی آرڈر نہیں ہے اور نہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ سٹے آرڈر جاری نہ کیا جائے، صوبائی حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہم آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں گے۔ عدالت نے صوبائی حکومت کے یونیورسٹی کی زمین فروخت کرنے پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے حکومت سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔