شوہر کو باندھ کر اسکے سامنے اس کی بیوی سے اجتماعی زیادتی کرنے اور ویڈیو بنانے والے دو ملزمان”پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے
حافظ آباد کے علاقے مانگٹ اونچا میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کرنے والا ایک اور ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا،پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بھی ایک اور ملزم مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا،پولیس کے مطابق حافظ آباد کے علاقے مانگٹ اونچا میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ ڈیڑھ ماہ قبل پیش آیا تھا،ملزمان نے چار روز قبل واقعے کی ویڈیو پھیلائی تھی،ویڈیو پھیلانے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد سے چاروں ملزمان فرار ہوگئے تھے،پولیس نے واقعے میں ملوث 2 دیگر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
حافظ آباد کے علاقے تھانہ کسوکی کی حدود مانگٹ اونچا میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے میں مطلوب چار میں سے دو مبینہ ملزمان پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، متاثرہ میاں بیوی کو اسلحے کے زور پر مبینہ طور پر اغوا کر کے ناروا سلوک کا نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ اس واقعے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں، جس پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا گیا۔
پہلا پولیس مقابلہ کچھ روز قبل کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران سیم نالہ جوریاں کے قریب پیش آیا، جس میں ایک نامزد ملزم ہلاک ہوا۔ جبکہ آج دوسرا اہم پولیس مقابلہ تھانہ کسوکی کی ٹیم کی بروقت کارروائی کے دوران کوٹ نکہ پل کے قریب پیش آیا، جس میں دوسرا مبینہ ملزم لئیق مارا گیا۔ڈی پی او حافظ آباد عاطف نزیر کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے نہایت جانفشانی اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں مقابلوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ عاطف نزیر کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے گی اور باقی ماندہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔ڈی پی او حافظ آباد کی ہدایت پر متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کو جدید خطوط پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔