امریکا میں ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
امریکا میں ہیوسٹن سے نیویارک جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز ایک سنگین حادثے سے بال بال بچ گئی۔
پرواز 1382 کے انجن میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر واپس اتروا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے، طیارے میں سوار 100 سے زائد مسافر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یہ واقعہ اتوار کی صبح 8:30 بجے کے قریب پیش آیا، جب یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ سے نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہونے والی تھی۔ پرواز کے دوران ایک انجن میں خرابی کا پتا چلا، جس پر پائلٹ نے فوراً پرواز منسوخ کرتے ہوئے طیارے کو واپس رن وے پر اترنے کا فیصلہ کیا۔
فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، انجن میں خرابی کی اطلاع ملتے ہی ٹیک آف کو محفوظ طریقے سے روک دیا گیا، اور مسافروں کو ایمرجنسی صورتحال میں فوری طور پر طیارے سے باہر نکال کر بسوں کے ذریعے ٹرمینل منتقل کیا گیا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، طیارے کے تمام 104 مسافر ایمرجنسی سلائیڈز اور سیڑھیوں کے ذریعے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایئربس A319 طیارے کے ایک انجن سے نکلتے ہوئے آگ اور دھویں کو دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک مسافر نے دوران پرواز انجن سے نکلتی ہوئی آگ کی ویڈیو بناتے ہوئے کہا، "پلیز ہمیں یہاں سے نکالو”۔
یہ حادثہ ایسے وقت پر پیش آیا جب حالیہ دنوں میں امریکا میں فضائی حادثات کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ چند روز قبل، امریکن ایئرلائنز کا ایک طیارہ واشنگٹن ڈی سی کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں طیارے پوٹومک دریا میں گر کر تباہ ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں 67 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔اسی طرح، جمعہ کی رات فلاڈیلفیا میں ایک اور طیارہ ایک شاپنگ مال کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے۔
یہ تمام واقعات امریکی فضائی حفاظت کے لیے ایک سنگین چیلنج کی نشاندہی کرتے ہیں اور حکام سے مزید احتیاطی تدابیر اور تحقیقات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔