ایک طویل عرصے سے کھوئے ہوئے بوئنگ 737-200 کو دوبارہ دریافت کرنے کے بعد ایئر انڈیا کو تقریباً 10 ملین روپے (تقریباً $120,000) کا حیرت انگیز پارکنگ بل موصول ہوا جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے بھارت کے کولکتہ ہوائی اڈے کے ایک دور دراز کونے میں کھڑا تھا

رپورٹس کے مطابق رجسٹریشن نمبر VT-EHH والا یہ 43 سالہ طیارہ 2012 میں سروس سے نکال کر کولکتا ایئرپورٹ کے ایک ریموٹ ایریا میں پارک کیا گیا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ عملے کی تبدیلی، ریکارڈ کی کمزور دیکھ بھال اور انتظامی غلطیوں کے باعث یہ طیارہ آہستہ آہستہ ایئر انڈیا کی دستاویزات سے ہی غائب ہوگیا۔یہاں تک کہ جب ایئرپورٹ حکام نے ایئر انڈیا سے رابطہ کرکے طیارہ ہٹانے کا مطالبہ کیا تو ایئرلائن نے پہلے پہل یہ کہہ کر انکار کردیا کہ یہ جہاز ان کا ہے ہی نہیں۔بھارت کے اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، ایئر انڈیا کے اندرونی آڈٹ سے بالآخر تصدیق ہوئی کہ VT-EHH واقعی ایئر انڈیا کی ملکیت تھا، حالانکہ یہ نہ تو فکسڈ ایسٹ رجسٹر میں تھا اور نہ ہی کسی جدید ریکارڈ میں۔یہ گڑبڑ دراصل ان انتظامی خامیوں کا نتیجہ بتائی جا رہی ہے جو برسوں پہلے انڈین ایئرلائنز اور ایئر انڈیا کے انضمام کے دوران پیدا ہوئیں، ساتھ ہی اس طیارے کے مختلف ادوار میں انڈیا پوسٹ کے کارگو طیارے کے طور پر استعمال ہونے سے بھی معاملہ پیچیدہ ہوا۔

کولکتا ایئرپورٹ نے ان 13 برسوں کے دوران حسبِ ضابطہ پارکنگ فیس وصول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ ملکیت کی تصدیق کے بعد ایئر انڈیا نے یہ رقم ادا کی اور طیارے کو ہٹانے کا انتظام کیا۔طیارے کو بڑے ٹرانسپورٹ وہیکل پر لاد کر بینگلورو کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کیا گیا جہاں اسے اب اڑنے کے بجائے ایوی ایشن مینٹیننس ٹیکنیشنز کی تربیت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

1982 میں تیار ہونے والا یہ بوئنگ 737-200 مختلف ادوار سے گزرتا ہوا انڈین ایئرلائنز کے بیڑے میں شامل ہوا،1998 میں لیز پر الائنس ایئر کو دیا گیا،2007 میں کارگو سروس میں واپس آیا،آخری بار انڈیا پوسٹ کے لیے کارگو طیارہ بنا،اور 2012 میں ہمیشہ کے لیے گراؤنڈ کردیا گیا،دلچسپ بات یہ ہے کہ رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں ریٹائر ہونے والے ایئر انڈیا کے 10 طیاروں میں سے یہی واحد جہاز تھا جس پر Pratt & Whitney JT8D انجن ہٹائے بغیر موجود تھے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق VT-EHH کی روانگی کے ساتھ گزشتہ پانچ سال میں کولکتا ایئرپورٹ سے ہٹایا جانے والا یہ 14واں “چھوڑا گیا” طیارہ ہے۔

Shares: