پنجاب پہلی صوبائی ایئر لائن ”ایئر پنجاب“ اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کے لئے تیار، پہلی صوبائی ایئر لائن”ایئر پنجاب“کاپراجیکٹ خصوصی اجلاس میں پیش کر دیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے”ایئر پنجاب“ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔”ایئرپنجاب“ کے لئے فوری طور پر چار ا یئر بس لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
مریم نواز نے ’ایئر پنجاب‘ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے،اجلاس میں لاہور یلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا جبکہ جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ اسٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ اسٹڈی کے لیے 15جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے،اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی، پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لیے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا،وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کا ٹاسک سونپ دیا، بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز نے پنجاب کے مزید 6 روٹس پر ہائی اسپیڈ ٹرین کے لیے بھی پلان طلب کر لیا، لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک بھی ہائی اسپیڈ ٹرین چلے گی،شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا، ہائی اسپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی،لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی اسپیڈ ٹرین چلائی جائے گی، فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی اسپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں کسانوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھل رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد پراجیکٹس کا آغاز کیا ہے اور ان اقدامات کی بدولت صوبے کے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ سے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملاقات کی اور ان کے عوام دوست اقدامات کی بھرپور تعریف کی ملاقات کے دوران ملک نوشیر خان نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ پراجیکٹ کے جلد آغاز کے لیے انہوں نے خصوصی طور پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب کے موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت کسانوں کے لیے نئے مواقع اور ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا اور کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب پوری طرح سے پرعزم ہے۔ ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ کی تکمیل سے چار اضلاع کے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچے گا اور اس پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے عوامی مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے پنجاب کو فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے عزم کو سراہا اور ویٹ فارمر سپورٹ پروگرام کو ایک شاندار اقدام قرار دیا۔








