دوران علاج بھارت میں انتقال کر جانے والے آریان شاہ کی میت غیر ملکی ائیرلائن کے عملے کی غفلت کے باعث کراچی نہ پہنچائی جا سکی
پاکستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان آریان شاہ کی بھارت کے نجی اسپتال میں دوران علاج وفات ہو گئی تھی، تاہم غیر ملکی ائیرلائن کے عملے کی غفلت کے باعث ان کی میت کراچی نہیں پہنچ سکی۔ آریان شاہ کے اہل خانہ کے مطابق، آریان کا تابوت، جو غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے پاکستان لایا جا رہا تھا، خالی نکلا ہے۔حکام نے بتایا کہ غیر ملکی عملے کی غفلت کی وجہ سے آریان کی میت ابھی تک کولمبو (سری لنکا) میں ہی ہے اور اب میت کو کراچی پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آریان شاہ کے اہل خانہ نے اس غفلت پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ اس وقت جب وہ اپنے پیارے کی تدفین کے لیے تیار ہو رہے تھے، ان کے سامنے یہ خوفناک صورتحال آئی۔
یاد رہے کہ آریان شاہ، جو کہ کوئٹہ سے تعلق رکھتے تھے، بھارت کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران انتقال کر گئے تھے۔ اسپتال انتظامیہ نے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر آریان کی میت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کے بقایا جات ادا کروا کر آریان کی میت کے حوالے کرنے کی کارروائی کی تھی۔آریان شاہ کے والدین کی درخواست پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی مداخلت کے بعد اسپتال نے میت فراہم کی، مگر اب ائیرلائن کے عملے کی غفلت نے ان کے غم کو مزید بڑھا دیا ہے۔ حکام نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔