ملک کے تین بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر امیگریشن کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ای گیٹس منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر جدید ای گیٹس نصب کیے جائیں گے، جس کا مقصد مسافروں کو تیز، محفوظ اور سہل امیگریشن سہولیات فراہم کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کے لیے ای گیٹس نصب کرنے کے لیے موزوں جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے، جبکہ لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر بھی متعلقہ مقامات کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔ منصوبے کے تحت بین الاقوامی معیار کے خودکار ای گیٹس لگائے جائیں گے جو مسافروں کی بایومیٹرک تصدیق کے ذریعے امیگریشن کلیئرنس کو ممکن بنائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ای گیٹس کی تنصیب سے امیگریشن کاؤنٹرز پر رش میں واضح کمی آئے گی اور مسافروں کو طویل قطاروں سے نجات ملے گی۔ جدید نظام کے تحت پاسپورٹ اسکیننگ، چہرے کی شناخت اور دیگر سیکیورٹی مراحل خودکار انداز میں مکمل ہوں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت اور سیکیورٹی کے تقاضے بھی مزید بہتر ہوں گے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ای گیٹس منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور ابتدائی کامیابی کے بعد اسے ملک کے دیگر بڑے ایئرپورٹس تک بھی توسیع دی جائے گی۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کے ہوابازی اور امیگریشن نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملے گی اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے بھی سفر کا تجربہ مزید بہتر ہو جائے گا۔








