سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) چیئرمین اتحاد فاؤنڈر گروپ سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت ریاض الدین شیخ نے کہا کہ چیئرمین فضل جیلانی کی قیادت میں سیالکوٹ کی پہچان اور پاکستان کی فخر ایئرسیال نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر وطن عزیز کی بہترین فضائی ایئر لائن کا مقام حاصل کر لیا ہے۔

مڈل ایسٹ میں کامیابی کے بعد اب یورپ, امریکہ اور کینیڈا کے لئے بھی ایئرسیال اپنی سروس شروع کرکے ایک مزید اہم سنگ میل طے کرے گی اور دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سنز أف سیالکوٹ ڈائریکٹر ایئرسیال شیخ عمر سیٹھی, حافظ شیخ جنید شاہد, عمران شاہد اور احسن شاہد کی طرف سے چیئرمین فضل جیلانی سینئروائس چیئرمین قیصر اقبال بریار,وائس چیئرمین عمر میر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر امین احسن کو اگلے تین برسوں کے لئے منتخب ہونے کی خوشی میں دیئے جانے والے استقبالیہ اور افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ممتاز صنعت کار محمد داود میر, عمر ڈار,عامر ڈار بانی چیئرمین سیال میاں محمد ریاض, چیئرمین سیال سہیل سعید برلاس, وائس چیئرمین میاں داود سائر ایڈوکیٹ, بانی لاہور قلندرز رانا عاطف, ڈائریکٹر کرکٹ بورڈ خرم عبداللہ نیازی, چیئرمین بورڈ أف ڈائریکٹر یونیورسٹی أف سیالکوٹ فیصل منظور, سابق چیئرمین سیال نعیم اختر, ملک اشرف اعوان, انجنئیر خاور انور خواجہ, ڈائریکٹر سیال اسد ثاقب,سابق صدر سیالکوٹ چیمبر ملک زاہد لطیف, احسن بھٹی, ڈاکٹر خرم انور خواجہ,سیکرٹری سیال جہانگیر خان, چیف فنانس أفیسر سیال بشیر احمد, ملک زاہد کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں صنعت کاروں اور ممتاز شہریوں نے شرکت کی۔

نظامت کے فرائض حافظ جلیل اورعادل ڈار نے سرانجام دئیے، مہمان خصوصی ریاض الدین شیخ نے پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور توقع ظاہر کی کہ ایئر سیال مزید کامیابیاں حاصل کرے گی اور اپنے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر ے گی۔

نومنتخب چیئرمین فضل جیلانی نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک نئی ایئرلائن کا خواب دیکھنا اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنا جبکہ وطن عزیز کی قومی ایئرلائن بھی مشکلات کا شکار ہو اور دوسری کئی پرائیویٹ ائرلائنیں دم توڑ رہی ہوں ایک نئی ایئر لائن بنانا ایک جوئے شیر لانے سے کم کام نہیں تھا۔

الحمد للہ اللہ نے ہمیں سرخرو کیا اور ایئرسیال پاکستان کی صف اول کی ایئرلائن میں شامل ہے۔ کامیابی کے اس سفر میں جو مشکلات پیش آئیں ان کی الگ ایک داستان ہے لیکن کامیابیوں نے ان اور ان کی ٹیم کے حوصلے بڑھا دئیے ہیں۔

فضل جیلانی نے انہیں اور ان کی پوری ٹیم کو تین سال کے لئے مزید منتخب کرنے پرایئر سیال کے بورڈ کے تمام ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔

سینئر وائس چیئرمین قیصر اقبال بریار نے کہا کہ ہماری کامیابی کے پیچھے سیالکوٹ اور پورے پاکستان کے عوام کی دعائیں ہیں۔ ہم اپنے مسافروں کی توقعات پر ہورا اترنے کے لئے مزید محنت سے کام کریں گے۔

وائس چیئرمین محمد عمر میر نے کہا کہ جس طرح عثمان ڈار نے اپنے دور حکومت میں ایئرسیال کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اسی طرح اب وفاقی وزیر دفاع و شہری ہوابازی خواجہ محمد أصف بھی ایئرسیال کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو أفیسر ایئرسیال امین احس نے کہا کہ انہوں نے پورے پاکستان سے فضائی ایئرلائنوں کے شعبے سے بہترین پروفیشنلز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا جس کی وجہ سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی۔

میری سیالکوٹ کے تمام اداروں کے حکام سے درخواست ہے کہ وہ بھی بہترین پروفیشلنز کا انتخاب کرنے کی پالیسی اپنائیں۔

Shares: