اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کا نواحی علاقہ اکبر ٹاؤن بدترین صفائی، بہتے سیوریج اور تعفن زدہ ماحول کی لپیٹ میں آ چکا ہے، جہاں "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حکومتی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ گلیوں میں جمع گندگی، نالوں سے اُبلتا ہوا گندا پانی، اور خالی پلاٹوں میں کھڑا تعفن زدہ پانی نہ صرف مکینوں کے لیے اذیت کا باعث بن رہا ہے بلکہ علاقے کو وبائی امراض کے خطرے کی جانب دھکیل رہا ہے۔
مقامی رہائشی محمد عامر، ساجد خان، یونس ادریس، غلام مصطفیٰ اور دیگر شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی کی ابتر صورتحال، گٹروں کی بندش اور نکاسی آب کے ناقص نظام سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق بلدیہ کو بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی موثر اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔ نہ صفائی عملہ متحرک ہے اور نہ ہی گٹروں کی مرمت کا کوئی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اکبر ٹاؤن کو فی الفور "ستھرا پنجاب پروگرام” میں شامل کر کے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے ذاتی طور پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ "صفائی صرف بینرز اور اشتہارات سے نہیں، عملی اقدامات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔








