خلیج بنگال سے ہوتا ہوا اکھنڈ بھارت کا خواب، چاغی میں دفن
تحریر: حاجی محمد اکرم آرائیں، واربرٹن
1947 میں دو قومی نظریے کو جھٹلانے کا خواب لیے خلیج بنگال سے ابھرنے والا اکھنڈ بھارت کا فریب، بالآخر 1998 میں چاغی کے پہاڑوں میں پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے ساتھ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا۔
قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہندو سامراج نے پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ مختلف حیلوں بہانوں سے پاکستان پر چار جنگیں مسلط کیں۔ 1948ء کی جنگ میں یہ خود اقوامِ متحدہ گیا، جہاں موجودہ آزاد کشمیر کو استصواب رائے کا حق تسلیم کیا، مگر بعد میں مُکر گیا۔ 1965ء کی جنگ میں ناکامی کے بعد روس میں شملہ معاہدہ کے تحت جنگی اصولوں سے انحراف کیا۔ 1971ء میں سازش کے ذریعے بنگلہ دیش کو پاکستان سے جدا کروایا اور پھر غرور و تکبر سے اکڑ کر کہا گیاکہ
"ہم نے دو قومی نظریہ کو خلیج بنگال میں غرق کر دیا ہے۔”
مگر 5 اگست 2024ء کو وہی دو قومی نظریہ خلیج بنگال سے اس طاقت سے ابھرا کہ بھارت کو بنگلہ دیش سے دم دبا کر بھاگنا پڑا۔ اس ساری کشمکش اور ہٹ دھرمی سے خطہ ہمیشہ تناؤ اور جنگوں کا شکار رہا۔
13 مئی 1998ء کو بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کر دیے اور برملا اعلان کیا کہ وہ آزاد کشمیر پر قبضہ کرنے جارہا ہے اوربرصغیر کا تھانیدار بننے کی کوشش کی۔ اکھنڈ بھارت کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نہ صرف جشن منایا گیا بلکہ عالمی طاقتوں کی خاموشی نے اسے شہ دی۔نہ اقوامِ متحدہ نے کوئی مذمت کی، نہ کسی بڑی ایٹمی طاقت نے کوئی نوٹس لیا۔
لیکن پاکستان کی باہمت قیادت، خصوصاً وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف، صدر محمد رفیق تارڑ، آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور دیگر سائنس دانوں نے سر جوڑ لیے۔ پاکستان پہلے ہی ایٹمی صلاحیت حاصل کر چکا تھا، فیصلہ صرف اعلانِ جُرأت کا تھا۔
جب دنیا نے ایٹمی دھماکوں سے باز رکھنے کے لیے ڈالروں کی لالچ دی اور پھر دھمکیاں دیں، تو یہ لمحہِ آزمائش تھا۔ تب مجید نظامی مرحوم نے تاریخی جملے کہے:
"میاں صاحب، ایٹمی دھماکہ کر دو ورنہ قوم آپ کا دھماکہ کر دے گی!”
یہ بات دل میں لگی، حوصلہ بڑھا اور یوں 28 مئی 1998ء کو بلوچستان کے چاغی پہاڑ پر پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کے 5 دھماکوں کا جواب دے دیا۔
چاغی کا پہاڑ زرد ہو گیا، پورا ملک "اللہ اکبر” کے نعروں سے گونج اُٹھا، پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک بن گیا۔ بھارت کا اکھنڈ بھارت کا خواب چاغی میں دفن ہو گیا۔
پھر 7 مئی 2025ء کی رات بھارت نے دوبارہ حملہ کیالیکن اس بار پاک فوج اور فضائیہ نے بھارت کی غرور و تکبر بھری یلغار کو خاک میں ملا دیا۔ چند گھنٹوں میں پاکستان کے شاہینوں نے رافیل طیارے مار گرائے، اڈے تباہ کیے، اوڑی، اودھم پور، پٹھانکوٹ سمیت بجلی کی 70 فیصد سپلائی ختم کر دی۔
بھارت نے گھٹنے ٹیک دیے، چوکیوں پر سفید پرچم لہرا دیے اور امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی سے جنگ بندی کا اعلان ہوا۔
اس فتح کے پیچھے پوری قوم کا اتحاد، سوشل میڈیا کی جنگی حکمت عملی، پاکستانی میڈیا کا جرأت مندانہ کردار اور سفارتی محاذ پر کامیابی شامل تھی۔ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کو حیران کیا بلکہ عالمی تجزیہ کار بھی دنگ رہ گئے۔
یہ اسلام اور کفر کی نہ ختم ہونے والی جنگ ہے۔ ہمیں اندرونی سیاسی استحکام، قومی اتحاد اور عسکری دفاع پر مکمل اعتماد رکھنا ہوگا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ
"ہنود، یہود و نصارٰی کبھی اسلام دوست نہیں ہو سکتے!”
آج 56 اسلامی ممالک منتشر ہیں اور کفار متحد۔ اللہ تعالیٰ فلسطین، کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی غیبی مدد فرمائے۔
پاکستان زندہ باد! پاک فوج پائندہ باد!









