لندن — برطانیہ کے شہزادہ ہیری کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے ان کی سیکیورٹی میں کمی کے فیصلے کو "غیر منصفانہ اور بلاجواز” قرار دیا۔ وکیل نے بتایا کہ شہزادے کو حال ہی میں القاعدہ اور پاپارازی کی طرف سے خطرات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شہزادہ ہیری، جنہوں نے 2020 میں شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کی اور اپنی اہلیہ میگھن مارکل کے ساتھ امریکہ منتقل ہو گئے، اب جب وہ برطانیہ آتے ہیں تو ان کی سیکیورٹی کا فیصلہ ہر موقع پر علیحدہ کیا جاتا ہے۔لندن کی رائل کورٹ آف جسٹس میں جاری قانونی کارروائی کے دوران شہزادہ ہیری بذات خود موجود تھے۔ وہ کالے سوٹ اور نیلے ڈیزائن والے ٹائی میں ملبوس تھے، عدالت میں خاموشی سے بیٹھے، اپنے وکیل سے سرگوشی کرتے اور نوٹس لیتے رہے۔

جب 2020 میں ہیری نے شاہی فرائض سے علیحدگی اختیار کی تو حکومت نے طے کیا کہ اب وہ ویسا عوامی مالی اعانت والا سیکیورٹی تحفظ نہیں پائیں گے جیسا پہلے حاصل تھا۔ شہزادے نے 2021 میں وزارت داخلہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا، اور ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل اب کورٹ آف اپیل میں زیر سماعت ہے۔ان کے وکیل شاہد فاطمہ نے عدالت کو بتایا کہ ہیری کے ساتھ "غیر منصفانہ اور امتیازی سلوک” کیا گیا ہے۔ وکیل کی تحریری درخواست میں بتایا گیا کہ شہزادے کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔تحریری دلائل میں کہا گیا کہ "حال ہی میں القاعدہ نے (ہیری) کو قتل کرنے کی دھمکی دی ہے” اور مئی 2023 میں ہیری اور میگھن نیویارک میں پاپارازی کے ساتھ ایک خطرناک کار کا پیچھا کرنے والے واقعے کا شکار ہوئے۔ اگرچہ مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، لیکن یہ واقعہ بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بنا تھا۔

شہزادہ ہیری کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے اپنی خود نوشت "اسپئیر” میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے افغانستان میں 25 افراد کو ہلاک کیا تھا، جس پر طالبان کی جانب سے سخت ردعمل آیا تھا۔

ہیری اپنی والدہ، شہزادی ڈیانا، کی موت سے ہمیشہ متاثر رہے ہیں، جو 1997 میں پیرس میں ایک تیز رفتار گاڑی کے حادثے میں اس وقت جاں بحق ہو گئی تھیں جب وہ پاپارازی سے بچنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

یہ قانونی جنگ اس فیصلے کے گرد گھومتی ہے جو فروری 2020 میں وزارت داخلہ اور ایک متعلقہ کمیٹی نے سیکیورٹی میں کمی کے حوالے سے کیا تھا۔ 2024 کے اوائل میں ہائی کورٹ نے ہیری کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فیصلہ قانونی تھا۔دی ٹائمز کے مطابق، شہزادے کو اپریل 2023 میں اپیل کی اجازت نہ ملنے پر تقریباً £1,000,000 (1.27 ملین ڈالر) کے قانونی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ لیکن مئی میں ایک جج نے کہا کہ وہ کورٹ آف اپیل میں اس فیصلے کو چیلنج کر سکتے ہیں۔منگل کے روز ہیری کے وکیل نے دلیل دی کہ کمیٹی نے شہزادے کے خلاف خطرات کا مناسب انداز میں جائزہ نہیں لیا، اور ہائی کورٹ نے اس اہم نکتے کو نظرانداز کیا۔

دوسری جانب، وزارت داخلہ کے وکیل جیمز ایڈی نے کہا کہ ہیری کی سیکیورٹی کی بنیاد "ان کے شاہی حیثیت میں تبدیلی اور زیادہ تر وقت بیرونِ ملک قیام” کے باعث بدلی گئی۔ حکومتی تحریری دلائل میں کہا گیا کہ ہیری کی سیکیورٹی ہر صورتحال کے مطابق دیکھی جائے گی۔دو روزہ سماعت بدھ کو مکمل ہوگی، جس کے کچھ حصے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کمرے میں ہوں گے۔ فیصلے کا اعلان تحریری صورت میں بعد میں کیا جائے گا۔

Shares: