ایم کیو ایم پاکستان نے آئی پی پی کی ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کی حمایت کردی، استحکام پاکستان پارٹی نے حمایت کاخیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان آئی پی پی کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے ساتھ دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایم کیو ایم نے نئے صوبوں پر عبدالعلیم خان کی حمایت کرکے قومی سوچ کی عکاسی کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی کشادہ دلی سے نئے صوبوں پر ساتھ دیں، ایم کیو ایم نے ملکی فلاح و بہتری کی بات کی ہے، نئے صوبوں کا قیام ہی مسائل کا حل ہے۔ترجمان آئی پی پی کا کہنا ہے کہ اختیارات کی تقسیم، مقامی سطح پر مسائل کا حل، چھوٹے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت ہیں، نئے صوبوں کیلئے سیاسی وسماجی سطح پر پہلے ہی بحث جاری ہے۔ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نیا نہیں، 28 جنوری 2013ء کی رپورٹ پر من و عن عمل ہونا چاہیے، صوبوں میں نئے انتظامی یونٹس گڈ گورننس لائیں گے، صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے نئے صوبوں پر منفرد سوچ کا اظہار کیا، ایم کیو ایم کی طرف سے عبدالعلیم خان کی تجاویز کی حمایت خوش آئند ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ، کے پی، بلوچستان کے نام بدلے بغیر نئے صوبے بن سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں جمہوری طرزعمل کا مظاہرہ کریں، نئے صوبوں کیلئے ہم آواز ہوں، ایم کیو ایم نے 12 نئے صوبوں کی بات کرکے خود کو قومی دھارے میں شامل کیا، استحکام پاکستان پارٹی تمام جماعتوں کو نئے صوبوں پر بات چیت کی دعوت دیتی ہے۔

Shares: