انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یہ فیصلہ عدالت نے پولیس کی جانب سے دائر کی گئی 30 روزہ ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے بعد سنایا، جو کہ کچھ دیر محفوظ رکھا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیر شاہ 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کیس میں براہِ راست ملوث ہے۔شیر شاہ کو سخت سیکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم جائے وقوعہ پر موجود تھا اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے ہمراہ کارروائیوں میں شریک تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق، ملزم موقع پر موجود لوگوں کو اشتعال دلا کر جلاؤ گھیراؤ پر اکسا رہا تھا، جس کے شواہد موجود ہیں۔
پولیس نے عدالت سے شیر شاہ کے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی تاکہ ملزم سے تفتیش مکمل کی جا سکے اور دیگر شریک افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ تاہم عدالت نے پولیس کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد صرف 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو 28 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ سماعت پر تفتیش کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔