پنجاب پولیس نے علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروادی

پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروا دی ہے۔ پولیس ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی جہاں ایس ڈی پی او اظہر شاہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کیا۔

ذرائع کے مطابق، ایس ڈی پی او اظہر شاہ علیمہ خان کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی۔ اس دوران علیمہ خان نے خود بھی دستاویزات پر دستخط کیے، جس کے بعد انہیں موقع پر گرفتار نہیں کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق، وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا مقصد علیمہ خان کی حاضری کو یقینی بنانا تھا، تاکہ وہ آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر عدالت کے روبرو پیش ہوں۔ذرائع کے مطابق، آئندہ سماعت پر عدالت فیصلہ کرے گی کہ علیمہ خان کو طلبی کے ذریعے پیش کیا جائے یا پولیس انہیں گرفتار کر کے عدالت کے سامنے لائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دوسری بار علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، کیونکہ وہ مقررہ سماعت پر پیش نہیں ہوئیں۔

Shares: